بیجنگ،8اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چین میں شدید بارشوں کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے کے سبب کم از کم آٹھ افراد ہلاک اور سترہ دیگر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ یہ تازہ واقعہ ملک کے جنوبی مغربی پہاڑی علاقے میں واقع صوبہ سیچوان میں پیش آیا۔ اس سال موسم گرما میں متعدد مرتبہ ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں درجنوں افراد ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں۔ تازہ واقعے میں پوگے نامی ایک دیہات منگل کی صبح پانی اور مٹی کے ریلوں کی زد میں آیا۔ چین کے جنوبی صوبوں میں بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے سبب جون میں دس جبکہ جولائی میں 63 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔